January 2026

از قلم: مفتی حسام الدین قاسمی

ناظم تعلیمات دینیات منظم مکاتب دہلی و این سی آر
جنوری تا مارچ 2026 ء

حامدًا ومصلیًا ومسلمًاأما بعد!

اسلام کی نشاۃِ ثانیہ اور دینی علوم کی تجدید کے لیے امتِ مسلمہ میں ہر دور میں ایسے رجالِ کار پیدا ہوتے رہے ہیں جنہوں نے دعوت، تحقیق اور علمِ سیرت کے فروغ کو اپنا نصب العین بنایا۔ عصرِ حاضر کے فکری انتشار، تہذیبی یلغار اور ذہنی خلفشار کے اس دور میں سیرتِ نبوی ﷺکی طرف امت کی رہنمائی عصرِ حاضر کے تناظر، اسلوب اور عام فہم زبان میں کرنا ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔

انہی بابرکت اور قابلِ قدر علمی کاوشوں میں سہ ماہی رسالہ ’’جہانِ سیرت‘‘ کا اجراء ایک خوش آئند اور لائقِ تحسین قدم ہے، جو وقت کی اس اہم ترین ضرورت کے پیشِ نظر امید افزا سعی ہے۔

سرپرست کی حیثیت سے مجھے یہ دیکھ کر بے حد مسرت حاصل ہو رہی ہے کہ ’’جہانِ سیرت‘‘ محض ایک رسالہ نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت تعلیمی، فکری، تحقیقی اور اصلاحی تحریک کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔

اس کے صفحات میں شامل مضامین، تحقیقی مقالات اور فکری مباحث نہ صرف علمی ذوق کی تسکین کا ذریعہ بنیں گے بلکہ قارئین کے دلوں میں سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت، شغف اور عملی وابستگی کو بھی مضبوط کریں گے، ان شاء اللہ۔

مجلہ ’’جہانِ سیرت‘‘ کی ایک نمایاں خصوصیت اس کے متنوع اور بامقصد علمی گوشے ہیں، جو سیرتِ مصطفوی ﷺ کو عصرِ حاضر میں مختلف زاویوں سے سمجھنے اور سمجھانے کا ایک بھرپور پلیٹ فارم فراہم کریں گے، ان میں خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں (۱) گوشۂ سیرت (۲) گوشۂ ختمِ نبوت (۳) گوشۂ نسواں (۴) گوشۂ ادب اطفال (۵) کتابیاتِ سیرت (۶) نگارشاتِ بابائے سیرت

یہ تمام گوشے مل کر فکرِ سیرت کا ایک مکمل، متوازن اور مؤثر پیغام پیش کریں گے۔ جو فرد، خاندان اور معاشرے تینوں سطحوں پر اثر انداز ہوں گے، ان شاءاللہ۔

یہ بات رسالہ ’’جہانِ سیرت‘‘ اور اس کے محرکین کے لیے باعثِ صد افتخار ہے کہ بابائے سیرت پروفیسر محمد یٰسین مظہر صدیقی صاحبؒ کی نگارشات سے مزین رہے گا، جو کہ ان کا حق ہے، (رسالہ انہیں کی یادگار میں ہے، اور ان کی سیرت پر انمول خدمات ہیں)

’’جہانِ سیرت‘‘ کے حوالہ سے امیدِ وثیق ہے کہ وہ مستقبل میں: سیرتِ طیبہ کے فروغ کا ایک مضبوط علمی مرکز بنے، نئی نسل کی فکری و ایمانی تشکیل کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو، سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام کو عملی زندگی سے جوڑنے والا جامع پلیٹ فارم فراہم کرے۔

ہمیں پوری امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ رسالہ: علمی و تحقیقی معیار میں مزید بلندی حاصل کرے گا۔ سیرت کے نئے اور اہم پہلوؤں پر تازہ اور معیاری کام پیش کرے گا۔ جدید فتنوں اور فکری یلغار کا مضبوط علمی جواب دے گا۔ اور اردو دنیا کے معتبر اور مؤثر دینی رسائل میں اپنا نمایاں مقام حاصل کرے گا، ان شاءاللہ

مجلسِ ادارت و مجلسِ مشاورت کا خیر مقدم

مجلہ ’’جہانِ سیرت‘‘ سے وابستہ تمام احباب بلاشبہ داد و تحسین کے مستحق ہیں۔ ان حضرات کی بصیرت، خلوص، محنت اور باہمی تعاون ہی اس رسالہ کی ترقی اور اثر پذیری کے پیچھے اصل قوت ہے۔ ہر رکنِ مجلس اپنے اپنے دائرے میں ایک چراغ کی مانند ہے جو سیرت کے نور کو مزید وسعت دے گا، ان شاءاللہ۔

میں پوری محبت، احترام اور اخلاص کے ساتھ: تمام معاونین، مضامین تحریر کرنے والوں، ادارت کی ذمہ داری سنبھالنے والوں، مشورہ دینے والوں، اور رسالہ کی خدمت میں مصروف ہر فرد کا پُرخلوص خیر مقدم کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کی تمام کوششوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں اخلاص، استقامت اور مزید توفیق سے نوازے۔

اللہ تعالیٰ اس رسالہ کو قبولیت، مقبولیت، برکت، دوام اور وسعت عطا فرمائے۔ اسے دینِ مبین کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنائے۔ اس کے ذریعے امّت کے دلوں میں نبی کریم ﷺکی محبت، اتباع اور وفاداری کو راسخ فرمائے۔ اور اس عظیم کام سے وابستہ تمام افراد کو دنیا و آخرت میں بہترین اجر و بدلہ عطا فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین۔

Scroll to Top