از قلم: محمد افتخارالحسن خندہ سہارنپوری
ڈائریکٹر:-مکتبہ امام ابوالحسن علی الندوی
سیرتِ نبوی ﷺ سے محبت اور اس کے مطالعے کا ذوق ہر دور میں زندہ رہا ہے۔ اسی احساس کے تحت سیرت سے متعلق ایک سلسلہ شروع کیا گیا، جسے قارئین کی توجہ اور حوصلہ افزائی حاصل ہوئی۔ اس محبت اور پذیرائی نے یہ احساس مزید مضبوط کر دیا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ سے متعلق جو عظیم علمی سرمایہ ہمارے پاس موجود ہے، اسے منظم اور آسان انداز میں قارئین کے سامنے لایا جائے۔اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے سہ ماہی مجلہ ’’جہانِ سیرت‘‘ میں ’’کتابیاتِ سیرت‘‘ کے عنوان سے ایک نئے سلسلے کا آغاز کیا جا رہا ہے،جس کا مقصد یہ ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ پر لکھی گئی کتابوں کا تعارف ایک جگہ جمع ہو جائے، تاکہ محبّانِ سیرت اور اہلِ علم حضرات اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ہندوستان میں سیرت کی کتابیات پر بہت کم کام ہوا ہے۔ کافی تلاش کے باوجود یہاں کے حوالے سے کوئی جامع اور مستقل کتابیاتِ سیرت سامنے نہیں آ سکی۔ البتہ پڑوسی ملک سے اس میدان میں ہونے والا کام قابلِ قدر ہے، خاص طور پر قاموسِ کتبِ سیرت اور جامع کتابیاتِ سیرت جیسی تصانیف، جنہیں محترم حافظ عارف گھانچی صاحب، ڈاکٹر جنید انور صاحب اور ڈاکٹر عزیز الرحمٰن صاحب نے بڑی محنت سے مرتب کیا ہے۔ انہی علمی کوششوں نے یہ حوصلہ دیا کہ ہندوستان میں بھی اس سمت ایک سنجیدہ قدم اٹھایا جائے۔اس سلسلے کی پہلی قسط میں ہندوستانی خواتین اہلِ قلم کی وہ کتابیں پیش کی جا رہی ہیں جو سیرتِ طیبہ ﷺ پر لکھی گئی ہیں۔ اس میں وہی کتب شامل کی گئی ہیں جو ہندوستانی خواتین کے قلم سے منصۂ شہود پر آئی ہیں۔ اس کتابیات میں ۱۹۴۷ء سے پہلے کی کتابوں کو بھی شامل رکھا گیا ہے، کیونکہ وہ متحدہ ہندوستان کے علمی ماحول کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس چھوٹی سی کوشش کو قبول فرمائے اور ’’جہانِ سیرت‘‘ کو سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کا ایک مفید اور بابرکت ذریعہ بنائے۔
ہندوستانی خواتین اہلِ قلم کی کتبِ سیرت: ایک کتابیات
| نمبر شمار | اسمائے کتب | مصنفہ، مؤلفہ، مترجمہ | پبلیشر | سن اشاعت |
| 1 | آغاز اسلام | میمونہ سلطان شا ہ بانو | مطبع سلطانیہ بھوپال | ۱۹۱۵ |
| 2 | آغاز اسلام | میمونہ سلطان شاہ بانو | ہلالی پریس دہلی | ۱۹۱۷ |
| 3 | آغاز اسلام | میمونہ سلطان شاہ بانو | رحمانی پریس دہلی | ۱۹۱۹ء |
| 4 | پیارے رسول | سلطانہ آصف فیضی | کتابی دنیا لمٹیڈ۔دہلی | ۱۹۴۷ |
| 5 | تاریخ بدء الاسلام | میمونہ سلطان شاہ بانو | دارالمصنفین شبلی اکیڈمی اعظم گڑہ | ۲۰۱۶ |
| 6 | ختم المرسلین ﷺ | عروج زیدی | عرفان زیدی بدایونی | ۱۹۹۰ |
| 7 | خطبۂ حجۃ الوداع | بیگم عارف صاحبہ | مسلم پرنٹنگ پریس لاہور | ۱۹۳۱ |
| 8 | ذکر مبارک | میمونہ سلطان شاہ بانو | مطبع مفید عام آگرہ | ۱۹۱۸ |
| 9 | ذکر مبارک | میمونہ سلطان شاہ بانو | مطبع مسلم یونیورسٹی علی گڑھ | ۱۹۲۷ |
| 10 | سیرت مصطفیٰ | سلطان جہاں بیگم ( بیگم بھوپال) | مطبع سلطانی ، بھوپال | ۱۹۱۹ |
| 11 | شمس بازغہ | آنسہ محمودہ رضویہ | انجمن ترقی اردو کراچی | ۱۹۴۴ |
| 12 | رسول اللہ ﷺ کی زندگی کی کہانی | زاہدہ خاتون | ہدایات پبلشرس شاہین باغ دہلی | |
| 13 | عہدِ نبوی ﷺ کے غزوات و سرایا | ڈاکٹر رؤفہ اقبال | مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرس جامعہ نگر دہلی | ۲۰۲۱ |
| 14 | عہدِ نبوی ﷺ میں بلدیاتی نظم و نسق | نجمہ راجہ یاسین (بنت خلیل) | اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی | ۲۰۰۸ |
| 15 | غزوات الرسول فی سیف المسلول | بیگم رضیہ خاتون | مطبع اسلامیہ بانکی پورہ | ۱۸۹۸ |
| 16 | کتاب میلاد النبیؐ بکوکب دری | خجستہ اختر بانوسہروردیہ | حسان سہروردی | ۱۹۳۵ |
| 17 | میلاد النبیؐ الموسوم بکوکب دری | خجستہ اختر بانوسہروردیہ | مولانا عبداللہ سہروردی | ۱۹۰۰ |
| 18 | نبی جی کی خوشی (مولود) | ن۔ب۔ بدایونی صاحبہ | نظامی پریس ، بدایونی | ۱۹۲۸ |
| 19 | نزول رحمت (زمانہ مولود شریف) | زبیدہ رحمانیہ | ابو العلائی الیکٹرونک پریس آگرہ | ۱۹۲۶ |
| 20 | نور نامہ | ڈاکٹر صبیحہ نسرین | دبستان حجاز حیدرآباد | ۲۰۰۴ |
| 21 | ہمارے رسول محمد ﷺ | تسنیمہ خاتون غازی | قاضی پبلشرز، ویسٹ نئی دہلی | ۱۹۹۲ |
| 22 | ہمارے حضور ﷺ | امۃ للہ تسنیم | مکتبہ اسلام گوئن روڈ لکھنؤ |