رسول اللہ ﷺ کی مدنی بصیرت اور جدید دنیا

از قلم: محمد حمزہ قاسمی

مہتمم: مدرسہ عربیہ خورجہ بلند شہر
جولائی تا ستمبر2026ء
رسول اللہ ﷺ کی مدنی بصیرت اور جدید دنیا

تاریخِ انسانیت میں بہت سے عظیم رہنما، فاتح اور مصلح گزرے ہیں، لیکن بہت کم شخصیات ایسی ہیں جن کی قیادت وقت اور زمانے کی حدود سے ماورا ہو کر ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ بن جائے۔ حضرت محمد ﷺ کی ذاتِ اقدس ایسی ہی بے مثال اور ہمہ گیر شخصیت ہے، جنہوں نے نہ صرف انسان کو اس کے خالق سے جوڑا؛ بلکہ فرد، معاشرہ اور ریاست کی تعمیر کے ایسے جامع اصول عطا فرمائے جو آج بھی اپنی معنویت اور افادیت کے اعتبار سے زندہ و تابندہ ہیں۔ خصوصاً مدنی دورِ حیات رسول اللہ ﷺ کی غیر معمولی بصیرت، حکمتِ عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا آئینہ دار ہے۔ آپ ﷺ نے ایک ایسے معاشرے میں‘ جو قبائلی تعصبات، معاشی ناہمواریوں اور سیاسی انتشار کا شکار تھا، عدل و انصاف، اخوت و مساوات اور امن و استحکام پر مبنی ایک مثالی ریاست قائم فرمائی۔ یہ ریاست محض ایک سیاسی نظام نہ تھی؛ بلکہ اخلاق، قانون، معیشت اور انسانی اقدار کا ایسا حسین امتزاج تھی، جس نے تاریخ کا رخ بدل دیا۔

آج جب جدید دنیا سیاسی بے یقینی، معاشی استحصال، سماجی انتشار اور اخلاقی بحران جیسے سنگین مسائل سے نبرد آزما ہے، تو سیرتِ نبوی ﷺ کا مدنی پہلو ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتا ہے، جو انسانیت کو متوازن، عادلانہ اور پائیدار ترقی کا راستہ دکھاتا ہے۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ کی مدنی بصیرت کا مطالعہ نہ صرف تاریخی اہمیت کا حامل ہے؛ بلکہ عصرِ حاضر کے مسائل کے حل کے لیے بھی نہایت ضروری اور مفید ہے۔

دور اندیشی اور حکمت:

رسول اللہ ﷺ کی مدنی زندگی کا مطالعہ اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ آپ ﷺ غیر معمولی دور اندیشی، عمیق بصیرت اور حکیمانہ طرزِ قیادت سے متصف تھے۔ مدینہ منورہ تشریف لانے کے بعد آپ ﷺ نے سب سے پہلے مسجد نبوی کی تعمیر فرمائی۔ بظاہر اس وقت مسلمانوں کو معاشی استحکام، رہائش اور دفاع جیسے اہم مسائل درپیش تھے، لیکن آپ ﷺ نے مسجد کو معاشرے کی روح اور ریاست کا مرکز قرار دیا۔ یہی مسجد عبادت گاہ بھی تھی، درسگاہ بھی، عدالت بھی اور مجلسِ شوریٰ بھی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ ﷺ وقتی مسائل کے بجائے مستقبل کی ضروریات کو پیشِ نظر رکھتے تھے۔ اسی طرح آپ ﷺ نے مہاجرین اور انصار کے درمیان مواخات قائم فرما کر ایک ایسا مضبوط سماجی ڈھانچہ تشکیل دیا جس نے قبائلی تعصبات اور معاشی تفاوت کو ختم کردیا۔ یہ اقدام محض ایک سماجی ضرورت نہیں تھا؛ بلکہ ایک ایسی حکمتِ عملی تھی، جس نے اسلامی ریاست کو داخلی استحکام عطا کیا۔ علامہ ابن ہشامؒ لکھتے ہیں کہ مواخاتِ مدینہ نے مسلمانوں کے درمیان ایسی وحدت پیدا کردی جس کی مثال عرب معاشرے میں پہلے نہیں ملتی۔ (سیرت ابن ہشام، ج:۲، ص:۱۰۵)

رسول اللہ ﷺ کی دور اندیشی کا سب سے نمایاں مظہر صلح حدیبیہ ہے۔ بظاہر اس معاہدے کے بعض شرائط مسلمانوں کے لیے سخت اور ناموافق معلوم ہوتی تھیں، حتیٰ کہ بعض جلیل القدر صحابہؓ بھی اس پر متردد تھے، لیکن آپ ﷺ نے حالات کا گہرا تجزیہ کرتے ہوئے اس معاہدے کو قبول فرمایا۔ بعد کے واقعات نے ثابت کردیا کہ یہی فیصلہ اسلام کی عظیم فتوحات کا پیش خیمہ تھا، چنانچہ قرآن کریم نے اس معاہدے کو ’’فتحِ مبین‘‘ قرار دیا: اِنَّا فَتَحْنَا لَکَ فَتْحًا مُّبِینًا (الفتح: ۱)

حافظ ابن کثیرؒ لکھتے ہیں کہ صلح حدیبیہ کے بعد اسلام جس تیزی سے پھیلا، اس کی مثال اس سے پہلے نہیں ملتی۔ (تاریخ ابن کثیر، ج:۴، ص:۱۰۷)

اس طرح مدنی دور کے یہ واقعات واضح کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی قیادت جذبات کے بجائے حکمت، تدبر اور دور اندیشی پر قائم تھی، اور یہی کامیاب قیادت کا بنیادی وصف ہے۔

سیاسی بصیرت:

رسول اللہ ﷺ کی مدنی بصیرت کا دوسرا اہم پہلو آپ ﷺ کی سیاسی حکمت اور ریاستی شعور ہے۔ مدینہ منورہ میں مختلف قبائل، مذاہب اور معاشرتی طبقات آباد تھے۔ ایسے ماحول میں ایک پرامن اور مستحکم ریاست کا قیام غیر معمولی سیاسی بصیرت کا متقاضی تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ’’میثاقِ مدینہ‘‘ مرتب فرمایا۔ جسے دنیا کے اولین تحریری دستور میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس معاہدے میں مسلمانوں، یہودیوں اور دیگر قبائل کے حقوق و فرائض متعین کیے گئے۔ مذہبی آزادی کو تسلیم کیا گیا اور اجتماعی دفاع کے اصول وضع کیے گئے۔ ڈاکٹر محمد حمید اللہؒ لکھتے ہیں: ’’میثاقِ مدینہ انسانی تاریخ کا پہلا باقاعدہ تحریری دستور ہے۔ جس نے شہری زندگی کے مختلف پہلوؤں کو قانونی شکل دی۔‘‘ (عہد نبوی میں نظامِ حکومت، ص:۷۵)

اسی طرح رسول اللہ ﷺ نے ریاستی معاملات میں مشاورت کے اصول کو فروغ دیا۔ غزوۂ بدر، غزوۂ احد اور غزوۂ خندق جیسے اہم مواقع پر آپ ﷺ نے صحابۂ کرامؓ سے مشورہ فرمایا۔ یہ طرزِ عمل اس بات کی دلیل ہے کہ اسلامی ریاست کی بنیاد آمریت پر نہیں؛ بلکہ مشاورت، اعتماد اور اجتماعی ذمہ داری پر قائم ہے۔ علاوہ ازیں آپ ﷺ نے بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے مختلف حکمرانوں کو دعوتی خطوط ارسال فرمائے۔ سفارتی نمائندے مقرر کیے اور بین الاقوامی تعلقات میں امن، انصاف اور احترامِ انسانیت کے اصول متعارف کرائے۔ یہ تمام اقدامات آپ ﷺ کی غیر معمولی سیاسی بصیرت اور ریاستی حکمت کے آئینہ دار ہیں۔

معاشی منصوبہ بندی:

رسول اللہ ﷺ کی مدنی بصیرت کا ایک نہایت اہم پہلو معاشی منصوبہ بندی اور اقتصادی اصلاحات ہیں۔ مدینہ منورہ میں تشریف آوری کے وقت مسلمانوں کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا تھا۔ مہاجرین اپنا گھر بار، جائیداد اور کاروبار مکہ مکرمہ میں چھوڑ آئے تھے، جبکہ مدینہ کی معیشت پر یہودی تاجروں کا خاصا اثر و رسوخ تھا۔ ایسے حالات میں رسول اللہ ﷺ نے نہایت حکمت اور بصیرت کے ساتھ ایک ایسا معاشی نظام قائم فرمایا۔ جس کی بنیاد عدل، مساوات، دیانت اور فلاحِ عامہ پر تھی۔ سب سے پہلے آپ ﷺ نے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد بازار قائم فرمایا تاکہ تجارت چند مخصوص طبقات کی اجارہ داری سے نکل کر عام لوگوں کی دسترس میں آسکے۔ اس بازار میں ناجائز ٹیکس، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہ تھی۔ علامہ ابن سعدؒ لکھتے ہیں کہ: رسول اللہ ﷺ نے مسلمانوں کے لیے مستقل بازار مقرر فرمایا اور اس میں عدل و دیانت کے اصول نافذ کیے۔

(الطبقات الکبریٰ، ج:۱، ص:۲۹۲)

آپ ﷺ نے تجارت میں سچائی اور امانت داری کو بنیادی حیثیت دی ہے؛ چنانچہ ارشاد فرمایا:

’’التاجر الصدوق الأمین مع النبیین والصدیقین والشہداء‘‘

یعنی: سچا اور امانت دار تاجر قیامت کے دن انبیاء، صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔

(جامع ترمذی:۱۲۰۹)

اسی طرح سود، دھوکہ دہی، ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری کی سخت ممانعت فرمائی۔ اس کے ساتھ ساتھ زکوٰۃ، صدقات اور بیت المال کا ایسا منظم نظام قائم کیا گیا جس کے ذریعے دولت کی گردش کو یقینی بنایا گیا اور کمزور طبقات کی کفالت کا انتظام کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد حمید اللہ  ؒ کے بقول ’’ریاستِ مدینہ کا مالیاتی نظام محض آمدنی جمع کرنے کا ذریعہ نہیں تھا؛ بلکہ معاشرتی عدل اور فلاحِ عامہ کا ضامن بھی تھا۔‘‘ (خطباتِ بہاولپور، ص:۲۹۳)

حقیقت یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی معاشی منصوبہ بندی نے ایک ایسے فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جس میں دولت چند ہاتھوں میں محدود ہونے کے بجائے پورے معاشرے کی ترقی کا ذریعہ بن گئی۔

جدید دنیا کے لیے رہنمائی:

رسول اللہ ﷺ کی مدنی بصیرت کسی خاص زمانے یا خطے تک محدود نہیں تھی؛ بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آج دنیا سیاسی انتشار، معاشی ناہمواری، اخلاقی بحران، خاندانی ٹوٹ پھوٹ اور بین الاقوامی کشیدگی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ ان حالات میں سیرتِ نبوی ﷺ کا مدنی نمونہ انسانیت کے لیے ایک جامع اور عملی حل پیش کرتا ہے۔

سیاسی میدان میں رسول اللہ ﷺ کا مشاورتی نظام آج کی حکومتوں کو شفافیت، جواب دہی اور عوامی شمولیت کا درس دیتا ہے۔ میثاقِ مدینہ‘ مذہبی رواداری، شہری حقوق اور قانون کی بالادستی کی ایسی مثال پیش کرتا ہے جو جدید آئینی ریاستوں کے لیے بھی قابلِ تقلید ہے۔

معاشی میدان میں اسلامی اصولِ تجارت، سود کی ممانعت، زکوٰۃ اور فلاحی نظام موجودہ معاشی بحرانوں، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور غربت کے خاتمے کے لیے مؤثر بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ آج دنیا کے بہت سے ماہرینِ معیشت بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ صرف مادی ترقی معاشرتی خوش حالی کی ضمانت نہیں بن سکتی جب تک اس کے ساتھ اخلاقی اقدار اور سماجی ذمہ داری شامل نہ ہوں۔

معاشرتی سطح پر مواخاتِ مدینہ، انسانی مساوات، حقوقِ نسواں، اقلیتوں کے تحفظ اور باہمی احترام کے اصول‘ ایک پرامن اور مستحکم معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اسی طرح صلح حدیبیہ جیسے واقعات یہ سبق دیتے ہیں کہ دیرپا امن طاقت اور تصادم کے بجائے حکمت، صبر اور مذاکرات کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

علامہ شبلی نعمانیؒ لکھتے ہیں ’’دنیا کے مختلف نظام ہائے حکومت اور معاشرت میں جو خوبیاں بکھری ہوئی نظر آتی ہیں، وہ سیرتِ نبوی ﷺ میں ایک جامع اور متوازن شکل میں موجود ہیں۔‘‘ (سیرۃ النبی، ج:۶، ص:۲۲۸)

اس اعتبار سے مدینہ منورہ کی ریاست محض ایک تاریخی واقعہ نہیں؛ بلکہ ایک ایسا عملی نمونہ ہے جو ہر زمانے میں انسانیت کی رہنمائی کرسکتا ہے۔ آج جبکہ دنیا مختلف سیاسی، معاشی اور سماجی بحرانوں سے دوچار ہے۔ سیرتِ نبوی ﷺ کا مدنی نمونہ پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اگر جدید دنیا عدل، مشاورت، اخوت، معاشی انصاف اور انسانی احترام کے ان اصولوں کو اپنالے جو رسول اللہ ﷺ نے مدینہ منورہ میں عملی طور پر نافذ فرمائے تھے تو بہت سے مسائل کا حل ممکن ہوسکتا ہے۔ بلاشبہ رسول اللہ ﷺ کی مدنی بصیرت نہ صرف اسلامی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے؛ بلکہ عصرِ حاضر اور آنے والے زمانوں کے لیے بھی ایک مکمل اور قابلِ عمل رہنمائی ہے۔

اَللّٰھُمَّ تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّکَ أَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ

وَ صَلَّی اللہُ عَلَی النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ وَ عَلٰی آلِہٖ وَ صَحْبِہٖ

Scroll to Top