سیرت النبی ﷺ: تحقیق اور مضمون نگاری کا تقابل

از قلم : پروفیسر سید عدنان حیدر

پوسٹ ڈاکٹریٹ جامعہ آکسفورڈ برطانیہ
اپریل تا جون 2026ء
سیرت النبی ﷺ: تحقیق اور مضمون نگاری کا تقابل

سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ امتِ مسلمہ کے علمی، فکری اور روحانی سرمائے کا نہایت قیمتی حصہ ہے۔ اس مبارک علم کے اظہار اور تحقیق کے مختلف اسالیب ہیں جن میں دو نمایاں طریقے موضوعاتی تحقیق نگاری اور مضمون نگاری ہیں۔ بظاہر دونوں کا تعلق ایک ہی موضوع، یعنی مضمون سیرتِ طیبہ سے ہے، لیکن اپنی نوعیت، اسلوب، مقصد، گہرائی اور تحقیقی معیار کے اعتبار سے ان میں واضح فرق پایا جاتا ہے۔ ان دونوں اسالیب کو سمجھنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ جدید علمی دنیا میں سیرت کے مؤثر اور معیاری ابلاغ کے لیے مناسب طریقۂ کار کا انتخاب بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

موضوعاتی تحقیق سے مراد یہ ہے کہ سیرت النبی ﷺ کے کسی ایک خاص پہلو، عنوان یا مسئلے کو مرکزِ بحث بنایا جائے اور اس پر جامع، منظم اور گہرائی کے ساتھ تحقیق کی جائے۔ مثلاً نبی کریم ﷺ کی سیاسی حکمتِ عملی، معاش نبوی، معاشرتی اصلاحات، تعلیم و تربیت کے اصول، سفارت کاری و بین الاقوامی تعلقات کا نبوی منہج،یا بین المذاہب تعلقات جیسے موضوعات کو اختیار کرکے ان کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جاتا ہے۔ اس طریقے میں محقق نہ صرف متعلقہ روایات، احادیث اور تاریخی واقعات کو جمع کرتا ہے؛ بلکہ ان کا تنقیدی جائزہ لیتا ہے، ان کے باہمی ربط کو واضح کرتا ہے، اور ایک مربوط نظریہ یا نتیجہ اخذ کرتا ہے۔ اس میں اصولِ تحقیق، حوالہ جات کی صحت، مصادر کا تقابل، اور علمی دیانت انتہائی اہم عناصر ہوتے ہیں۔ یوں موضوعاتی تحقیق ایک منہج (methodology) کے تحت چلنے والا دقیق اور منظم علمی عمل ہے، جس میں جزئیات سے کلیات کی طرف سفر کیا جاتا ہے۔ موجودہ دور کے ساتھ تطبیق دی جاتی ہے اور فقہ السیرہ پر بھی غور کیا جاتا ہے۔ اس منہج سے متعلق اردو ادب میں جو اہم سیرت نگار ہمیں نظر آتے ہیں ان میں ڈاکٹر حمید اللہ، ڈاکٹر نثار احمد صدیقی، پروفیسر محمد یاسین مظہر صدیقی رحمہم اللہ قابل ذکر ہیں۔

اس کے برعکس سیرت النبی ﷺ کی مضمون نگاری ایک نسبتاً آسان، عمومی اور بیانیہ اسلوب ہے، جس میں مؤلف سیرت کے مختلف واقعات، ذات مبارکہ سے متعلق اور آپ ﷺ کے روحانی و اخلاقی پہلوؤں یا سبق آموز نکات کو ایک مضمون کی صورت میں پیش کرتا ہے۔ اس کا مقصد عموماً قارئین کی اصلاح، ترغیب، اور سیرتِ نبوی ﷺ سے محبت پیدا کرنا ہوتا ہے، نہ کہ کسی ایک موضوع کی عمیق اور ہمہ جہت تحقیق۔ مضمون نگاری میں اسلوب زیادہ ادبی، رواں اور دلنشین ہوتا ہے، اور اس میں تحقیق کی باریکیوں کے بجائے تاثیر، بیان کی خوبصورتی اور پیغام کی وضاحت پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ مثلاً حضور ﷺ کا عفو و درگزر، آپ ﷺ کی سادگی، آپ ﷺ کا بچپن، آپ ﷺ کا شباب، آپ ﷺ کے عزیز و اقارب آپ ﷺ کی ازدواجی زندگی، آپ ﷺ کے اخلاق، یا مدینہ کی ریاست، آپ ﷺ کی مکی و مدنی دعوت، وغیرہ۔ ان جیسے عناوین پر لکھے گئے مضمون عام فہم انداز میں سیرت کے روشن پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہیں، مگر ان میں عموماً مصادر کے تنقیدی جائزے یا تفصیلی تقابل کی گنجائش کم ہوتی ہے۔ ہند و پاک میں پچھلے تین چار دہائیوں میں جتنے بھی معروف سیرت نگار گزرے ہیں یا پھر دور حاضر میں زیادہ تر سیرت نگار اسی منہج کے مطابق سیرت نگاری پر گامزن ہیں۔ اس کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ آپ کو تحقیق کے اعتبار سے زیادہ جہدوجہد نہیں کرنی پڑتی۔ بس ادبی نوعیت کی اردو اور انشاء پردازی سے کام چلا لیا جاتا ہے اور روایات کو اکھٹا کر کے مضمون کی ترتیب دے دی جاتی ہے اور کتاب یا مقالہ بن کر تیار ہو جاتا ہے۔ نہ تفصیلی تجزیہ کیا جاتا ہے، نہ تنقیدی جائزہ شامل ہوتا ہے اور نہ ہی مصادر میں موجود تفردات کی افراط و تفریط میں تطبیق میں قیمتی وقت صرف کیاجاتا ہے۔

سیرت نگاری کے ان دونوں اسالیب کے درمیان بنیادی فرق کو اگر سادہ الفاظ میں بیان کیا جائے تو کہا جا سکتا ہے کہ موضوعاتی تحقیق تحلیل (analysis) پر مبنی ہے؛ جبکہ مضمون نگاری بیان (expression) پر منحصر ہوتی ہے۔ موضوعاتی تحقیق میں سوالات اٹھائے جاتے ہیں دلائل جمع کیے جاتے ہیں، ان کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور پھر ایک علمی نتیجہ اخذ کیا جاتا ہے۔ جو مشکل امر ہوتا ہے۔ اکثر محقق اس سے جان چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کیوں کہ اس منہج کے برعکس مضمون نگاری میں پہلے سے معروف اور مسلمہ حقائق کو خوبصورت انشاء پردازی کے ساتھ اور مؤثر انداز میں پیش کیا جاتا ہے تاکہ قاری کے دل و دماغ پر اثر ہو۔ اسی لیے موضوعاتی تحقیق میں ایک طرح کی علمی سختی (rigor) پائی جاتی ہے، جبکہ مضمون نگاری میں ادبی نرمی اور تاثیر غالب ہوتی ہے۔ اور اسی لیے یہ کام مؤلفین سیرت کے لیے آسان راستہ بن جاتا ہے۔ اور زیادہ تر اسی راستے کا انتخاب کرتے ہیں۔

اگر دقیق نوعیت کے اعتبار سے دیکھا جائے تو بلا شبہ موضوعاتی تحقیق زیادہ دقیق، عمیق اور علمی معیار کی حامل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں محقق کو مختلف علوم، جیسے اصول تفسیر، اصولِ حدیث، اصولِ تاریخ، فقہ، اور سماجی و عمرانی علوم، سے مدد لینا پڑتی ہے۔ اسے مختلف روایات کے مابین تطبیق دینی ہوتی ہے، متعارض اقوال کا حل تلاش کرنا ہوتا ہے، اور اپنے نتائج کو مضبوط دلائل کے ساتھ پیش کرنا ہوتا ہے۔ مزید برآں، موضوعاتی تحقیق میں زمانی و مکانی تناظر، اسباب و علل، اور نتائج و اثرات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے، جس سے تحقیق نہ صرف گہری بلکہ ہمہ گیر ہو جاتی ہے۔ اس کے مقابلے میں مضمون نگاری اگرچہ اپنی جگہ اہم اور مفید ہے، لیکن اس میں اس درجہ کی علمی چھان بین اور تنقیدی گہرائی عموماً موجود نہیں ہوتی۔

کبھی آپ نے نوٹ کیا ہے کہ پہلے منہج سے متعلق اہل علم کی تعداد اتنی قلیل کیوں ہے؟ اردو سیرت نگاروں کی فہرست میں پچھلے ایک سو سال کا تجزیہ کیا جائے۔ تو وہی چند ایک نام ہی منظر عام پر آتے ہیں جن کا ذکر اوپر کیا گیا۔ بقیہ نوے (۹۰) فی صد سیرت نگار دوسرے منہج سے ہی وابستہ نظر آتے ہیں۔ تاریخ پہلے منہج والوں کو زیادہ اہمیت دیتی ہے اور انہیں کو کنگ آف دا سیرہ (King of the Seerah) کا لقب ملتا ہے۔ بقیہ سیرت نگاروں کا علمی کام سرسری طور پر یاد رکھا جاتا ہے پھر ان کے گزر جانے کے بعد وہ کام بھی منظر نامے سے اوجھل ہوجاتا ہے۔ البتہ پروفیسر محمد یاسین مظہر صدیقی اور ڈاکٹر حمید اللہ جیسے اہل علم تاریخی طور پر امر ہو جاتے ہیں۔

اگر آپ نوجوان محقق ہیں اور سیرت النبی ﷺ سے شغف رکھتے ہیں اور اس تحقیقی عمل کا حصہ بننے چاہتے ہیں تو تحقیق کے راستے کا انتخاب آپ کو خود کرنا ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ سیرت النبی ﷺ کے مطالعے میں موضوعاتی تحقیق اور مضمون نگاری دو الگ مگر تکمیلی اسالیب ہیں۔ پہلا طریقہ علمی گہرائی، دقتِ نظر اور تحقیقی اصولوں کا متقاضی ہے، جبکہ دوسرا طریقہ سادگی، روانی اور اثر انگیزی پر مبنی ہے۔ دقیقیت، جامعیت اور علمی معیار کے اعتبار سے موضوعاتی تحقیق کو فوقیت حاصل ہے، لیکن دعوت و اصلاح اور عام فہم ابلاغ کے لیے مضمون نگاری بھی ناگزیر ہے۔ پہلا منہج آپ کو علمی طور پر تاریخ میں یاد گار بنا بناتا ہے اور دوسرا اصلاح و ابلاغ کے لیے اہم تو ہے مگر آپ کا کام تراث کی زینت نہیں بن سکتا ہے۔

Scroll to Top