منقی کے فوائد

از قلم: مفتی حسام الدین قاسمی

ناظم تعلیمات دینیات منظم مکاتب دہلی و این سی آر
اپریل تا جون 2026ء
منقی کے فوائد

حضرت ابو ہند داریؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کی خدمت میں منقیٰ کا تحفہ ایک بند تھال میں پیش کیا گیا۔ آپ ﷺ نے اسے کھول کر ارشاد فرمایا: ’’بسم اللہ‘‘ کہکر کھاؤ۔ منقیٰ بہترین کھانا ہے۔ جو پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے۔ پرانے درد کو ختم کرتا ہے۔ غصہ کو ٹھنڈا کرتا ہے۔ اور منھ کی بدبو زائل کرتا ہے۔ بلغم کو نکالتا ہے۔ اور رنگ کونکھارتا ہے۔ (تاریخ دمشق لابن عساکر، ج: 21، ص: 60)

فائدہ: منقیٰ کے دو حصے ہوتے ہیں، اوپر کا گودا اور بیج۔ منقیٰ کا گودا گرم اور تر ہوتا ہے۔ جبکہ اس کا بیج سرد اور خشک ہوتا ہے۔ (زاد المعاد، مخزن المفردات)

اس کا گودا سانس کی نالی (پھیپھڑوں کی نالی) کے لیے موافق ہے، کھانسی اور گلے کے لئے مفید ہے۔ یہ معدہ کو طاقت دیتا ہے اور پیٹ کو نرم کرتا ہے (قبض کو دور کرتا ہے)۔ یہ انگور سے زیادہ غذائیت رکھتا ہے۔ (زاد المعاد فی ہدی خیر العباد، ص: 468)

منقیٰ کا گودا اور کشمش رطوبت اور بلغم والے لوگوں کے لیے مفید ہے، بالخصوص جگر کو طاقت اور نشوونما دیتا ہے۔ اور قوت حافظہ کو بڑھاتا ہے۔ (زاد المعاد)

طبی کتب میں منقی کے لئے ’’مویز‘‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ منقیٰ کو بیج نکال کر استعمال کیا جائے۔ (مخزن المفردات)

Scroll to Top